پاک فوج کے دستے علی پور پہنچ گئے، سیت پور و نواح میں فلیگ مارچ


پاک فوج کے دستے علی پور پہنچ گئے، سیت پور و نواح میں فلیگ مارچ

پاک فوج کے دستے علی پور پہنچ گئے جہاں فوجی اہلکاروں اور پولیس نے سیت پور و نواحی علاقوں میں فلیگ مارچ کیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق محرم الحرام میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کے دستے علی پور پہنچ گئے۔

علی پور اور گردونواح میں فول پروف سکیورٹی کے لئے پاک فوج اور پولیس نے علی پور، سیت پور اور خانگڑھ دوئمہ میں فلیگ مارچ کیا۔

سیت پور میں فلیگ مارچ آستانہ مخادیم سے شروع ہو کر مختلف جلوس روٹس سے ہوتا ہوا چوک حسینیہ پر اختتام پذیر ہوا، فلیگ مارچ میں پاک فوج کی قیادت میجر محمد عارف جبکہ پولیس کی قیادت ڈی ایس پی محمد اشرف ماڑھاکر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈی ایس پی محمد اشرف ماڑھانے میڈیا کو بتایا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء قائم رکھنے اورجرائم پیشہ عناصر کو وارننگ اور شہریوں کو تحفظ کا احساس دینے کے لئے فلیگ مارچ بہت ضروری ہے ،ہم جرائم پیشہ عناصر اور شدت پسندوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 9 اور 10محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس اور انٹر نیٹ سروس بھی بند رہے گی اس کے علاوہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں، 9اور 10محرم الحرام کے دنوں میں مجالس اور جلوسوں کے روٹس کے قریبی گھروں کی چھتوں پر پر کھڑے ہونے پر پابندی ہو گی، فلیگ مارچ کے دوران سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی برانچ و دیگر خفیہ اداروں سمیت پولیس کی بھاری نفری ہمراہ تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری