ایرانی صدر کا قطری امیر سے ٹیلیفونک رابطہ/ دوحہ کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی


ایرانی صدر کا قطری امیر سے ٹیلیفونک رابطہ/ دوحہ کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے قطر کے خلاف غیرمنصفانہ محاصرے کو علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی اور تفرقہ کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، قطر کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق صدر حسن روحانی نے گزشتہ روز قطر کے امیر 'شیخ تمیم بن حمد آل ثانی' سے ٹیلیفون پر دونوں ملکوں اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماوں نے خطے کے مسائل خاص کر خلیج فارس کی ریاستوں کے درمیان اجتماعی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ قطر کے خلاف غیرمنصفانہ گھیراو سے علاقائی ممالک کے درمیان تفرقہ اور کشیدگی میں اضافہ ہوگا تاہم ایران خطے میں امن و آمان کے لئے پُرعزم ہے۔

ایرانی صدر نے قطر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کی توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لئے کوئی حد مقرر نہیں ہے۔

صدر روحانی نے مزید کہا کہ خطے میں بعض ممالک کے تسلط پسندانہ پالیسیوں کو درست نہیں سمجھتے ہیں کیونکہ اس قسم کی معاندانہ سیاست سے خطے کے مسائل خاص کرفلسطین، شام اور یمن کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

حسن روحانی نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف صہیونی جارحیت اور بربریت کا ذکر کرتے ہوئے عالم اسلام سے مسئلہ فلسطین کی اجتماعی حمایت کا مطالبہ کیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ یمنی بحران کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں بلکہ اس مسئلے کو تمام یمنی فریقین کے درمیان مذاکرات اور سیاسی عمل کے ذریعے سے حل کیا جانا چاہئے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری