حضرت امام حسین علیہ السلام کا مختصر تعارف اور ان کی زیارت کی فضیلت


حضرت امام حسین علیہ السلام کا مختصر تعارف اور ان کی زیارت کی فضیلت

حضرت امام حسین علیہ السلام3شعبان المعظم4ہجری کو مدینہ منورہ میں متولد ہوئے،آپ کے والد بزرگوار سید الاوصیاء امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابیطالب علیہما السلام اور والدہ گرامی خاتون جنت،صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور پیغمبر گرامی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ کے نانا تھے۔

 آپ کی ولادت کے بعد جبرائیل پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت اقدس میں تشریف لائے اور حق متعال کا درودو سلام پہنچانے کے بعد عرض کی:اس مولود مبارک کا نام ہارون کے چھوٹے بیٹے’’شبیر‘‘کے نام گرامی پر رکھیں جو عربی میں ’’حسین‘‘کا معنی دیتا ہے اور اس اسم گزاری کی وجہ اس طرح سے بیان فرمائی کہ :علی ابن ابیطالب آپ کے لیے ہارون کی طرح سے ہیں یعنی جس طرح ہارون موسیٰ علیہ السلام کے جانشین تھے اسی طرح علی ابن ابیطالب آپ کے جانشین ہیں لہٰذا ہارون کے بیٹوں کے جو نام تھے آپ انہی ناموں کو اپنے فرزندوں کے لیے انتخاب فرمائیں۔
آپ چھ سال اور چند مہینے اپنے نانا کے ساتھ رہے اور تیس سال اپنے والد بزرگوار کے ہمرار رہے۔آپ کی شان و منزلت کے لیے آیت مباہلہ ہی کافی ہے جس میں آپ کو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرزندجانا گیا ہے اور آیت تطہیر آپ کی عصمت کی گواہ ہے اس کے علاوہ بہت سی آیات آپ کی شان و منزلت کو بیان کرتی ہیں۔
آپ کی ولادت کی مبارک باد عرض کرنے کے لیے ملائکہ الہٰی عرش معلیٰ سے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور میں تشریف لائے اور آپ کی خدمت میں کربلا کی مٹی پیش کرنے کے ساتھ تعزیت پیش کی۔
حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کا مفہوم
حضرت امام حسین علیہ السلام کی مظلومیت پر رونا،رولانایا پھرعزاداری کا روپ دھار لینا سب عزاداری کے مفہوم میں شامل ہیں۔ان مفاہیم میں رونا اور رولانا دونوں واضح مفاہیم ہیں لیکن’’تباکی‘‘ کا مفہوم سے متعلق کچھ بحث جسے متعدد روایات میں بھی ذکر کیا گیا ہے اس کلمہ کے مصادیق میں سے؛ رونے والی شکل بنالینا،اپنے قیافہ کو سوگوار اور غمزدہ لوگوں کی طرح ڈھال لینا،رونے والا انداز اختیار کرلینا،غمزدہ افراد کی دلجوئی کے لیے غمزدہ شکل بنا لینا،ہر وہ فعل جس سے غمزدہ افراد اپنے غم کا اظہار کرتے ہوں اُن کے ساتھ اظہار ہمدری کے لیے وہ افعال انجام دیناخواہ سیاہ لباس کی شکل میں ہو،سبیل لگانے کی صورت میں ہو،نیاز تقسیم کرنے کی صورت میں ہویا پھر انتظامی اموروغیرہ سب اس مفہوم میں شامل ہیں۔ہم فقط دو احادیث کو تبرکا ذکر کرتے ہیں:
حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں:’’مَنْ اَنْشَدَ فِی الحُسَینِ شِعرا فَتَباکی فَلَهُ الجَنة‘‘ جو بھی حسین علیہ السلام کے بارے میں شعر کہے اور غمزدہ روپ دھار لے وہ جنت کا مستحق ہے۔
حدیث قدسی کو نقل کرتے ہیں:’’ یَا مُوسَى!مَا مِنْ عَبْدٍ مِنْ عَبِیدِی فِی ذَلِکَ الزَّمَانِ بَکَى أَوْ تَبَاکَى وَ تَعَزَّى عَلَى وُلْدِ الْمُصْطَفَى(ص)إِلَّا وَ کَانَتْ لَهُ الْجَنَّةُ ثَابِتاً فِیهَا‘‘اے موسیٰ!میرے بندوں میں سے جو بھی محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند کی شہادت کے زمانے میں اُن کی مظلومیت پر روئے یا رونے والی حالت اپناتے ہوئے محمد مصطفیٰ کو ان کے نواسے کا پرسہ دے وہ ہمیشہ جنت میں رہے گا۔ تباکی سے متعلق متعدد روایات دعاؤں،استغفار سے متعلق بھی ہیں جنہیں ہم اختصار کی مطلوبیت کی خاطر ذکر نہیں کرتے۔
حضرت امام حسین علیہ السلام کی زیارت کی فضیلت
روایات میں ہر خوشی و غمی کی مناسبت پر حضرت امام حسین علیہ السلام کی زیارت ،مجالس ،محافل اور ان کی عزاداری کی رغبت دلائی گئی ہے چونکہ اگر ذکر حسینؑ زندہ ہے تو اسلام اور توحید زندہ ہے اس طرح قیامت تک کے لیے امام حسین علیہ السلام کے طفیل اسلام کی حفاظت ہوتی رہے گی۔
حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں:’’إِنَّ اللَّهَ اتَّخَذَ کَرْبَلَاءَ حَرَماً آمِناً مُبَارَکاً قَبْلَ أَنْ یَتَّخِذَ مَکَّةَ حَرَماً‘‘خداوندمتعال نے کربلا کو امن و برکت کا حرم مکہ معظمہ سے پہلے قرار دیا تھا۔
حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں:’’ لَوْ أَنَّ أَحَدَکُمْ حَجَّ أَلْفَ حَجَّةٍ ثُمَّ لَمْ یَأْتِ قَبْرَ الْحُسَیْنِ بْنِ عَلِیٍّ(ع) لَکَانَ قَدْ تَرَکَ حَقّاً مِنْ حُقُوقِ رَسُولِ اللَّهِ (ص) وَ سُئِلَ عَنْ ذَلِکَ فَقَالَ حَقُّ الْحُسَیْنِ ع مَفْرُوضٌ عَلَى کُلِّ مُسْلِمٍ‘‘اگر تم میں سے کوئی ہزار مرتبہ حج انجام دے لیکن حضرت امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لیے نہ جائے تو اس نے یقینی طور پر حقوق الہٰی میں سے حق کو ترک کردیا ہے جس کے متعلق قیامت کے دن اسے مؤاخذہ کیا جائے گا۔پھر حضرت نے ارشاد فرمایا:امام حسین علیہ السلام کا حق ہر مسلمان پر واجب ہے۔
حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں:’’مَنْ لَمْ یَأْتِ قَبْرَ الْحُسَیْنِ(ع) وَ هُوَ یَزْعُمُ أَنَّهُ لَنَا شِیعَةٌ حَتَّى یَمُوتَ فَلَیْسَ هُوَ لَنَا بِشِیعَةٍ وَ إِنْ کَانَ مِنْ أَهْلِ الْجَنَّةِ فَهُوَ مِنْ ضِیفَانِ أَهْلِ الْجَنَّةِ‘‘جو بھی امام حسین علیہ السلام کے نورانی مرقد کی زیارت کے لیے نہ جائے اور یہ تصور کرتا ہو کہ وہ ہمارا شیعہ ہے اور اسی حالت میں اس دنیا سے چلا جائے تو وہ ہمارا شیعہ ہی نہیں اور اگر جنت میں بھی چلا جائے تو بہشتیوں کا مہمان ہوگا۔
حضرت امام محمد باقر علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں:’’إِنَّ اللَّهَ تَعَالَى عَوَّضَ الْحُسَیْنَ(ع)مِنْ قَتْلِهِ أَنْ جَعَلَ الْإِمَامَةَ فِی ذُرِّیَّتِهِ وَ الشِّفَاءَ فِی تُرْبَتِهِ وَ إِجَابَةَ الدُّعَاءِ عِنْدَ قَبْرِهِ وَ لَا تُعَدَّ أَیَّامُ زَائِرِیهِ جَائِیاً وَ رَاجِعاً مِنْ عُمُرِهِ‘‘خداوندمتعال نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے عوض امامت کو اُن کی نسل میں سے قرار دیا،اُن کے مقتل کی مٹی میں شفاء قرار دی ،اُن کے مرقد منور کو مستجاب الدعا قرار دیا اور اُن کے زائرکے آمد و رفت کے ایام کو اس کی زندگی میں سے شمار نہیں کیا۔
حضرت امام علی رضا علیہ السلام ارشاد فرماتے ہیں:’’مَنْ زَارَ قَبْرَ أَبِی عَبْدِ اللَّهِ (ع) بِشَطِّ الْفُرَاتِ کَمَنْ زَارَ اللَّهَ فَوْقَ عَرْشِهِ‘‘جو بھی شط فرات کے نزدیک امام حسین کی زیارت کرے وہ اس طرح ہے جس طرح اس نے عرش پر خداوندمتعال کی زیارت کی ہو۔
حضرت امام جعفرصادق اور حضرت امام موسیٰ کاظم علیمت‏السلام سے ایک ہی مضمون پر مبنی روایت نقل ہوئی ہے جس میں یہ دو بزرگوار امام ارشاد فرماتے ہیں:’’من زار الحسین(ع)عارفا بحقه غفر الله له ما تقدم من ذنبه و ما تأخر‘‘جو بھی امام حسین علیہ السلام کی معرفت کے ساتھ ان کی قبر مطہر کی زیارت کرے خداوندمتعال اس کے تمام گذشتہ اور آئندہ گناہوں کو معاف کردے گا۔

اہم ترین مقالات خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری