صحافی کی گمشدگی: سعودی سرمایہ کاری کانفرنس خطرے میں‌ پڑگئی


صحافی کی گمشدگی: سعودی سرمایہ کاری کانفرنس خطرے میں‌ پڑگئی

استنبول میں سعودی قونصل خانے سے لاپتا ہونے والے صحافی جمال خشوگی کے معاملے پر سعودی عرب میں آئندہ ہفتے ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس خطرے میں پڑ گئی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سعودی صحافی جمال خشوگی کے لاپتا ہونے کے معاملے نے عالمی منظر نامے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اسی وجہ سے سعودی عرب پر عالمی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ ہفتے ریاض میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن میوچن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا ہے کہ میں آئندہ ہفتے ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہیں کروں گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق آئی ایم ایف چیف اور فرانسیسی وزیر بھی سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

برطانیہ نے بھی کہا تھا کہ اگر سعودی عرب نے صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے وضاحت نہیں دی تو وہ سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سعودی عرب میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے آئندہ ہفتے سعودی دارالحکومت ریاض میں عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جو ان کی معاشی اصلاحات کی پالیسی کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ سعودی صحافی جمال خشوگی دو اکتوبر کو اپنی طلاق کے کاغذات کی تصدیق کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے تھے لیکن اس کے بعد سے ان کا کچھ پتا نہیں ہے اور شبہ ظاہر کیا جارہا ہے انہیں قتل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترکی نے استنبول میں سعودی صحافی کے مبینہ قتل کی تحقیقات کیلئے دائرہ کار بڑھا دیا اور ترک پولیس نے سعودی قونصل خانہ کے قریب جنگل میں تلاش شروع کردی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری