کراچی: 2 ٹریفک حادثات میں 22 افراد زخمی


کراچی: 2 ٹریفک حادثات میں 22 افراد زخمی

کراچی میں رات گئے دو مختلف خوفناک ٹریفک حادثات پیش آئے جس میں کم سے کم 22 افراد زخمی ہو گئے ہیں، ڈرائیور سمیت 2 افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،ٹریفک پولیس کے مطابق پہلا حادثہ اس وقت ہوا جب شاہ فیصل کالونی کا پل اترتے ہوئے بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، واقعہ کے وقت بس میں 50 سے زائد افراد موجود تھے۔

متاثرہ افراد شاہ فیصل کالونی سے مجلس میں شرکت کے بعد ملیر جارہےتھے کہ واقعہ پیش آیا، زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے، بعد میں پولیس نے مشینری کی مدد سے بس کو سڑک سے ہٹادیا۔

دوسرا حادثہ حب ریور روڈ پر یوسف گوٹھ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر بس کے ڈرائیور نے اوورٹیک کرنے کی کوشش کی تو بس سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے ،ٹرک ڈرائیور کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق بس میں سوار افراد نجی کمپنی سے تعلق رکھتے ہیں اور پکنک منانے کے لئے بلوچستان جارہے تھے،حادثہ کا شکار بس میں بھی 50 افراد سوار تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بعض افراد رات کو ٹریفک انتہائی کم ہونے کے سبب ڈرائیونگ کے قوانین کی پاسداری نہیں کرتے اور لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کے سبب ایسے واقعات پیش آتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری