کینو کے فوائد


کینو کے فوائد

کہا جاتا ہے کہ دنیا کا سب سے بہترین کینو پاکستان میں ملتا ہے اور یہ ایسا غلط بھی نہیں۔کینو کا ترش ذائقہ کیلوریز میں کم مگر غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں موجود وٹامنز اسے بہترین پھل بناتا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،مالٹے کی اس قسم کا ذائقہ لوگوں کے دلوں کو خوب بھاتا ہے جب ہی تو ہر سال یہ اس موسم میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا پھل ہے جبکہ برآمد بھی کیا جاتا ہے۔

یہاں ذیل میں اس کے فوائد بتائے جارہے ہیں:

نظام ہاضمہ بہتر کرے

اس پھل کی چند بہترین خوبیوں میں سے ایک معدے میں اس کا آسانی سے جذب ہونا اور نظام ہاضمہ پر دباﺅ ڈالے بغیر اسے بہتر بنانا ہے، اگر معدہ کمزور ہے یا بدہضمی کا مسئلہ ہے تو ناشتے میں اس پھل کو کھائیں، دن میں دو بار کھانا موثر نتائج میں مدد دے گا۔

معدے کی تیزابیت اور سینے میں جلن دور کرے

اگر آپ اکثر کھانے کے بعد معدے میں تیزابیت یا سینے میں جلن کو مھسوس کرتے ہیں، تو اس موسم میں کینو آپ کے لیے بہترین علاج ہے۔ یہ پھل معدنیاتی نمک سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ معدے کی تیزابیت کو کم کرتا ہے جبکہ اسے روز کھانا سینے میں جلن کے مسئلے کو بھی دور رکھتا ہے۔

بڑھاپا دور رکھے

کینو میں وٹامن سی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ وٹامن عمر بڑھنے سے جسم میں آنے والی تنزلی کی روک تھام کے لیے انتہائی موثر ہے۔ کینو کھائیں یا اس کا رس پینا عادت بنانا جھریوں کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے، اس میں موجود منرلز میٹابولزم کو ہی بہتر نہیں کرتا بلکہ ہموار اور جگمگاتی جلد کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

جسمانی توانائی بڑھائے

کینو کو اس موسم میں کھانا عادت بنانا جسمانی توانائی کو بڑھانے بھی مدد دیتا ہے، کاربوہائیڈریٹس اور گلوکوز، شکر اور دیگر اجزاءسے بھرپور یہ پھل جسمانی توانائی کے لیے چند بہترین ذرائع میں سے ایک ہے۔

کولیسٹرول لیول متوازن کرے

کینو جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح اور اثرات کو کم کرکے فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح بڑھاتا ہے، یعنی روز اسے کھانا کولیسٹرول کم کرتا ہے، جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

جلد اور بالوں کے لیے مفید

وٹامن سی کی مناسب مقدار جسم کے دفاعی نظام کو ہی مضبوط نہیں کرتی بلکہ ایک پروٹین کولیگن کی مقدار مستحکم رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے جو بالوں اور جلد کے لیے بہت ضروری ہے۔ کینو وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں وٹامن اے بھی پایا جاتا ہے جو بالوں کی نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

دماغی افعال بہتر بنائے

کینو میں موجود مختلف اجزاء جیسے پوٹاشیم، وٹامن بی 9 اور اینٹی آکسائیڈنٹس دماغ کے لیے فائدہ مند مانے جاتے ہیں؛ پوٹاشیم دماغ کی جانب دورانِ خون بڑھانے اور اعصابی سرگرمیاں بڑھانے کے حوالے سے توجہ مرکوز کرنے کے لیے ضروری ہے، وٹامن بی 9 عمر بڑھنے سے آنے والی دماغی تنزلی کی روک تھام کرکے الزائمر امراض سے بچاتا ہے، اس کے علاوہ کینو میں موجود وٹامن بی 6 متلی اور ڈپریشن سے بچاتا ہے۔

حاملہ خواتین کے لیے فائدہ مند

اس میں موجود بی وٹامنز اور فولک ایسڈ دوران حمل فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، فولک ایسڈ کی کمی بچوں کے پیدائشی وزن میں کمی کا باعث بنتی ہے۔

خون کی شریانوں کی صحت کے لیے معاون

وٹامن بی 6، وٹامن سی، پوٹاشیم اور فائبر دل کی صحت کو بہتر بناتے ہیں، ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ پوٹاشیم سے بھرپور غذا کھاتے ہیں، ان میں خون کی شریانوں کے مسائل جیسے امراض قلب یا فالج وغیرہ سے موت کا خطرہ 49 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

معدے کو مضبوط بنائے

کینو، فائبر کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں، فائبر معدے کی صحت کے لیے بہت ضروری جز ہے جو کہ قبض، بدہضمی اور دیگر مسائل کی روک تھام کرتا ہے۔

بلڈ پریشر کو صحت مند رکھے

اس پھل میں موجود پوٹاشیم اور نمکیات کی کم سطح خون کی شریانوں کو پھیلاتی ہے اور بلڈ پریشر کو معمول کی سطح پر رکھتی ہے۔

موسمی امراض سے لڑے

اس پھل میں موجود وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو بہتر کرتا ہے جو کہ موسمی بیماریوں یا انفیکشن وغیرہ کے خلاف مزاحمت کرتا ہے جبکہ کینسر کا باعث بننے والے فری ریڈیکلز کو بھی کم کرتا ہے۔

(بشکریه اردو ڈان نیوز )

اہم ترین مقالات خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری