منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ


منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیر قانونی طور پر فنڈز کی منتقلی میں ملوث منی چینجرز اور خلیجی ممالک میں منی لانڈرنگ کے ذریعے جائیداد خریدنے والے پاکستانیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی تحقیقاتی ادارےکے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ڈائریکٹرزکانفرنس میں غیر قانونی طور پر فنڈز کی منتقلی میں ملوث منی چینجرز اور خلیجی ممالک میں منی لانڈرنگ کے ذریعے جائیداد خریدنے والے پاکستانیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کانفرنس کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے بشیر میمن نے کی۔

کانفرنس میں ایف آئی اے سربراہ نے شرکا کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے بارے میں بریف کیا جس میں انہوں نے حوالہ ڈیلرز (منی چینجرز )، منی لانڈرنگ کرنے والوں اور جنہوں نے پاکستان سے چوری چھپے دبئی میں جائیداد خریدنے کے لیے رقم منتقل کی ،کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا تھا۔

ڈان کے مطابق ایف آئی اے سربراہ نے ماتحت افراد کو منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف تفصیلی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی اور حوالہ ڈیلرز، چوری چھپے لے جائی گئی رقم سے دبئی میں جائیدادیں خریدنے والوں کے خلاف کی گئی کارروائی پر روزانہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے سربراہ نے ادارے کے شعبہ انسدادِ بدعنوانی کو ملزمان کے بارے میں تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری