کراچی کے لیے 200 ارب روپے کے پیکج کی سفارشات وزیراعظم کو ارسال


کراچی کے لیے 200 ارب روپے کے پیکج کی سفارشات وزیراعظم کو ارسال

ٹرانسفارمیشن کمیٹی نے کراچی کے لئے 200 ارب روپے کے پیکج کی سفارشات وزیراعظم کو ارسال کردی۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، کراچی شہر میں ٹرانسپورٹ، سیوریج اور کمیونیکیشن کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے سفارشات مرتب کرلی گئی ہیں۔

ٹرانسفارمیشن کمیٹی نے تین حصوں پر مشتمل یہ سفارشات وزیر اعظم کو ارسال کی ہیں ، یہ سفارشات واٹرسیوریج، ٹرانسپورٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن ماسٹرپلان  کے حوالے سے مرتب کی گئیں ہیں۔

وزیراعظم کو ارسال کی گئی دستاویز میں  کراچی شہر میں  مئی 2019سے 500بسیں  فکس روٹ پرچلانےکی سفارش کی گئی ہے ، جبکہ مئی 2019 میں ہی گرین لائن بس سروس لانچ کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

کمیٹی نے شہر کی وسعت کے پیش نظر یہاں موجود آگ بجھانے کے نظام کو ناکافی قرار دیتے ہوئے 50 فائر فائٹنگ ٹینڈرز، دسمبر 2019 تک لوکل گورنمنٹ کو فراہم کرنے کا کہا  ہے۔

کراچی شہر میں پینے کے لئے صاف پانی کی فراہمی ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے سبب شہری پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں، اس صورتحال پرفی الفورریلیف کےلئےفروری 2020تک 200آراوپلانٹ لگائےجانے کی سفارش کی گئی ہے۔

ساتھ ہی ساتھ شہر میں  میسر پانی کےمعیارکوجانچنے اور تحقیق کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی میں ادارہ قائم کرنےکی سفارش بھی کی گئی ہے۔

شہر کے بیشترعلاقوں میں زیر زمین سیوریج کا نظام فرسودہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے آئے روزسڑکوں پر پانی کھڑا ہوجاتا ہے، سفارشات میں زیرزمین لائنوں کےنظام کی تبدیلی کے لیے واٹراینڈسیوریج بورڈکویکمشت امداد فراہم کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ کےفورکنال میں بچھائےآرسی سی پائپ کے  بجائےایچ ڈی پی پائپ لگانےکی سفارش بھی کی گئی ہے۔

کراچی شہرِ کا بغیر کسی ماسٹر پلان کے بڑھے جانا ، اس شہر کے سنگین مسائل کا بنیادی سبب ہے، کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ سنہ 2021 تک شہر کا ایک ماسٹر پلان تیار کرلیا جائے جس کے تحت سنہ 2047 تک کراچی گریٹر کراچی میٹروپولیٹن  بنایا جائے۔

یاد رہے کہ حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ کراچی سے قبل اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ ان کی حکومت کراچی پرخصوصی توجہ دے گی اور اسے عالمی معیار کا شہر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری