افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول کو آگ لگا دی گئی


افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول کو آگ لگا دی گئی

افغانستان میں تعلیم دشمن عناصر نے لڑکیوں کے اسکول کو نذر آتش کردیا جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،   لڑکیوں کے اسکول ’بویا زر‘ کو رات گئے نذر آتش کرنے کا واقعہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ضلع شکر ڈارا میں پیش آیا۔ اس اسکول میں سیکڑوں طالبات زیر تعلیم ہیں۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے میڈیا کو بتایا کہ رات گئے مسلح افراد نے اسکول کی عمارت پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور عمارت پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ اسکول کے چوکیدار نے بھاگ کر جان بچائی۔

دوسری جانب طالبان کے مقامی ترجمان نے حکومتی دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکیوں کی غیر مخلوط تعلیم کے خلاف نہیں اور لڑکیوں کے اسکول کو نذر آتش کرنے میں ملوث نہیں۔

قطر میں جاری افغان امن مذاکرات میں طالبان وفد نے امریکی نمائندہ برائے خصوصی زلمے خلیل زاد کو خواتین کو بنیادی حقوق کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی اور طالبان قطر کے ترجمان نے بی بی سی کو انٹرویو میں طالبان کے زیر انتظام علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے تاثر کی نفی کی تھی۔

واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں بھی ضلع فراہ کے ایک اسکول کو مرمت کے بعد بحال ہوتے ہی نذر آتش کردیا گیا تھا تاہم اس اسکول کو نذر آتش کرنے کی ذمہ داری بھی کسی جنگجو گروپ نے قبول نہیں کی تھی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری