چین کے وزیر خارجہ اور اعلی سطح کے فوجی وفد کا دورہ پاکستان


چین کے وزیر خارجہ اور اعلی سطح کے فوجی وفد کا دورہ پاکستان

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ 26 اگست کو چین کا اعلیٰ سطح کا فوجی وفد جبکہ وزیر خارجہ 6 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم نے پاکستان کے سینیٹر مشاہد حسین سید کے بیان کے حوالے سے خبر دی ہے کہ 26 اگست کو چین کا اعلیٰ سطح کا فوجی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا اور اسی طرح چین کے وزیر خارجہ یوم دفاع 6 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

سینیر مشاہد حسین سید نے پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 6 سمتبر کو یوم دفاع کے روز چین کے وزیر خارجہ بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ جو موجودہ حالات میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین سے بہت اچھے تعلقات ہیں جو مستقبل میں ہمارے لیے انتہائی مفید ثابت ہوں گے۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان کو جو بھی حکمت عملی بنانی ہے وہ چین کے ساتھ مل کر بنانی ہو گی کیونکہ اس وقت بھارت اور چین کے درمیان بھی تنازعہ چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے بیک وقت پاکستان اور چین کے ساتھ اپنے معاملات خراب کر لیے ہیں جو اس کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گے۔

 بھارتی وزیراعظم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ مودی مسلمانوں کا قتل عام کررہاہے اور اسکا مقصد مسلمانوں کوکمزور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف میں یہ معاملہ لے کر جائیں گے کہ انسانوں پر وہ پیلٹ گنیں استعمال کی جارہی ہیں جو جانوروں پر استعمال کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ چین کے اعلی سطح کے فوجی وفد اور وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب نہ صرف مسئلہ کشمیر بلکہ ایل او سی پر ہر دوسرے روز فائرنگ کے تبادلے کی وجہ سے پاک بھارت تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری