بھارتی ائیر چیف کا اپنے طیاروں کی مخدوش حالت کا اعتراف


بھارتی ائیر چیف کا اپنے طیاروں کی مخدوش حالت کا اعتراف

بھارتی ائیر فورس کے سربراہ بریندر سنگھ دھنووا نے کہا کہ مگ 21 طیارے 44 سال پرانے ہوچکے ہیں، اتنی پرانی تو کوئی گاڑیاں بھی نہیں چلاتا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق دنیا کو جنگ کی آگ میں دھکیلنے کی دھمکی دینے والے بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں ہی بھارتی ائیر فورس کے سربراہ نے حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئےاپنے طیاروں کی مخدوش حالت کا اعتراف کیا۔
تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں ہونے والے سیمینار میں بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں بھارتی ائیر فورس کے سربراہ بریندر سنگھ دھنووا نے کہا کہ مگ 21 طیارے 44 سال پرانے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی مگ 21 طیارے اڑارہے ہیں، اتنی پرانی تو کوئی گاڑیاں بھی نہیں چلاتا۔  
خیال رہے کہ روسی ساختہ مگ 21 طیارے بھارتی فضائی بیڑے میں 74-1973 میں شامل کیے گئے تھے اور یہ طیارے اب بھی بھارتی فضائیہ استعمال کرتی ہے۔ کئی مگ 21 طیارے دوران پرواز حادثات کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ رواں سال فروری میں پاکستان نے بھارتی طیارے مار گرائے تھے جس میں ایک مگ 21 بھی شامل تھا۔
پاکستان نے گرائے جانے والے مگ 21 کے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا جسے بعد ازاں پروقار طریقے سے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھارتی وزیردفاع نے کہا تھا کہ بھارت اب تک جوہری ہتھیار استعمال کرنے میں پہل نہ کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا تھا لیکن آئندہ کی حکمت عملی وہ صورتحال دیکھ کر وضع کرے گا۔
راج ناتھ سنگھ نے یہ بیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے محض چند گھنٹے قبل دیا تھا۔

بھارت کے وزیردفاع کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کے عندیہ پرسیاسی مبصرین نے اسی وقت کہا تھا کہ بھارت نے دراصل سلامتی کونسل کے اراکین پردباؤ بڑھانے کے لیے یہ بیان دلوایا ہے لیکن اجلاس کے نتائج نے ثابت کیا کہ مظلوم کشمیریوں کے حوالے سے اراکین ممالک کسی قسم کے دباؤ کا شکار نہیں ہوئے اور جانب بھارتی ائیر فورس کے سربراہ نے بھی انہیں آئینہ دکھا دیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری