نواز شریف کی طبیعت ناساز؛ رات گئے ہسپتال منتقل


نواز شریف کی طبیعت ناساز؛ رات گئے ہسپتال منتقل

سابق وزیراعظم نواز شریف کو پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک کم ہونے کے بعد سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک کم ہونے کے بعد سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

گذشتہ روز نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے نیب آفس لاہور میں ان سے ملاقات کی اور ان کے کچھ میڈیکل ٹیسٹ کرائے۔ پہلا ٹیسٹ شریف میڈیکل سٹی سے کرایا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس 12 ہزار تک گر گئے ہیں۔ تشویشناک صورتحال کے باعث نواز شریف کا دوسرا میڈیکل چیک اپ چغتائی لیب سے کرایا گیا جن میں ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 16 ہزار آئی۔

ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کی صحت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی۔

خیال رہے کہ انسانی جسم میں ڈیڑھ لاکھ سے 4 لاکھ تک پلیٹ لیٹس ہوتے ہیں اور اگر یہ 10 ہزار سے کم ہوجائیں تو اندرونی بلیڈنگ شروع ہوجاتی ہے۔

نواز شریف کی صحت کا پتا چلتے ہی مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد نیب دفتر پہنچ گئی اور ٹائروں کو آگ لگا کر ملتان روڈ بلاک کردی۔ لیگی کارکنوں نے نواز شریف کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر بھی نیب آفس پہنچ گئے۔

نواز شریف کو رات گئے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سمز) کے پرنسپل ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جو نواز شریف کا طبی معائنہ کر رہا ہے۔

نواز شریف کو ہسپتال منتقل کیا گیا تو یہاں بھی کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جس نے حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ نواز شریف گاڑی میں فرنٹ سیٹ پر بیٹھ کر ہسپتال آئے اور ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری