حکومت کا مولانا کے گرد گھیرا تنگ / انصار الاسلام کو کالعدم قرار دے دیا گیا


حکومت کا مولانا کے گرد گھیرا تنگ / انصار الاسلام کو کالعدم قرار دے دیا گیا

وفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وفاقی کابینہ نے جے یو آئی (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کی سفارش کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی 3 صفحات پر مبنی سمری 18 اکتوبر کو کابینہ ارکان کو بھیجی گئی تھی جس کی منظوری اب وفاقی کابینہ نے سرکولیشن پر دی ہے۔

کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبائی سطح پر انصارالاسلام کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا جبکہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے بارے میں وزارت داخلہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں وزارت داخلہ کی جانب سے انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کیلئے وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا تھا کہ جے یو آئی (ف) کی ذیلی تنظیم "لٹھ بردار" ہے اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا اور قانون میں کسی قسم کی مسلح ملیشیا کی اجازت نہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ جے یو آئی میں شامل تنظیم پارٹی منشور کی شق نمبر 26 کے تحت الیکشن کمیشن میں بھی رجسٹرڈ ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل جے یو آئی (ف) کے باوردی محافظ دستے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان محافظ دستے سے سلامی لے رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جے یو آئی (ف) کے محافظ دستے کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا جس پر جے یو آئی (ف) کا بیان سامنے آیا تھا کہ اگر حکومت نے انصار الاسلام کے خلاف کوئی بھی کارروائی کی گئی تو ہم اس کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں آزادی مارچ کے حوالے سے بینر لگانے پر پولیس نے جے یو آئی (ف) کے دو کارکنان شفیق الرحمان اور محمد ارشاد کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے بینر بھی برآمد کر لئے گئے ہیں۔

گرفتار کیے جانے والے ملزمان آزادی مارچ کے حوالے سے شہر میں بینر آویزاں کر رہے تھے جبکہ بینر پر لکھی گئی تحریروں سے شہریوں کو آزادی مارچ میں شرکت کرنے کے لئے "اکسایا" جا رہا تھا۔

کارکنان کے خلاف تھانہ شمس کالونی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے ساتھیوں کا پتہ چلانے کے لئے مذکورہ افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری