پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، مجلس وحدت مسلمین


پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، مجلس وحدت مسلمین

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کئے گئے محاصرے کے 200 روز مکمل ہونے پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا مرتکب ہو رہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بزرگوں،جوانوں، بچوں اور خواتین کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانا بھارتی فوج کا معمول بن چکا ہے،اشیائے خورد و نوش کی ترسیل اور مریضوں کے لیے ادویہ کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کر کے عوام کے لیے مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے

انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے وحشیانہ مظالم عالمی ذرائع ابلاغ پر بھی نشر کیے جارہے ہیں جو اقوام عالم کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی بڑھتی ہوئی جارحیت پر کشمیر کے عوام سراپا احتجاج ہیں،آج عالمی سطح پر بھی کشمیریوں کے حق میں آواز بلند ہونا شروع ہو گئی ہے جو کشمیری عوام کی فتح کی نوید ہے،بھارتی فوج کی درندگی کشمیری نوجوانوں کے جذبے اور عزم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

 انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہونے والا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری