حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والے کی شکایت درج کرائیں


حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والے کی شکایت درج کرائیں

پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے شکایات درج کرانے کے لئے واٹس ایپ نمبر جاری کردیا۔

 تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے شہریوں کے لیے واٹس ایپ نمبر 03353336262 جاری کیا جس پر وہ کرونا خلاف ورزی کی نہ صرف شکایت کرسکیں گے بلکہ اُن کی تصاویر اور ویڈیوز بھی واٹس ایپ پر بھیج سکیں گے۔

این سی او سی نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’شہری شکایت کے ساتھ علاقہ، شہر، تحصیل اور ضلع کا نام لازمی لکھیں اور خلاف ورزی کی نوعیت، وقت اور تاریخ کے حوالے سے بھی لازمی آگاہ کریں‘۔

واضح رہے کہ این سی او سی نے ایک روز قبل کرونا کی تیزی سے بگڑتی صورت حال کے حوالے سے اجلاس کیا جس میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کے لیے ماسک لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

این سی او سی نے شادی ہال، مارکیٹس اور مال رات دس بجے بند کرنے کی ہدایت کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں بصورت دیگر صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے۔

ایک روز قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم سے اپیل کی تھی کہ دو ماہ احتیاط کا دامن مضبوطی سے تھام کررکھیں کیونکہ ملک میں کرونا کے کیسز ایک بار پھر تیزی سے رپورٹ ہونا شروع ہوگئے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری