محسن پاکستان، بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح کی 68 ویں برسی/ تصویری رپورٹ


محسن پاکستان، بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح کی 68 ویں برسی/ تصویری رپورٹ

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 68 ویں برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، آج اس عظیم شخصیت کا یوم وفات ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ تشخص، ایک الگ پہچان ، ایک آزاد وطن کا تحفہ دیا۔

آج پاکستان کا ہر فرد  قائداعظم کا مقروض بھی ہے اور احسان مند بھی۔

باب الاسلام سندھ کے مشہور شہر کراچی میں 25 دسمبر 1876ء کو پونجا جناح کے ہاں آنکھ کھولنے والے محمد علی نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی میں ہی حاصل کی جبکہ میٹرک کا امتحان ممبئی سے پاس کیا اور قانون کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے انگلستان روانہ ہو گئے۔

لندن سے قانون کی تعلیم حاصل کر کے ہندوستان واپس آئے اور وکالت کا  باقاعدہ آغاز کر دیا۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے میں 1896ء انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی لیکن کچھ عرصے بعد انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی جماعت ہے اور اس کی مسلمانوں سے کوئی وابستگی نہیں ہے۔

لہٰذا انہوں نے 1913ء میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی۔

مسلم لیگ میں ہی انہوں نے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ آزاد وطن کے حصول کی تحریک کا آغاز کیا جسے آج دنیا تحریک پاکستان کے نام سے جانتی ہے۔

قائداعظم کی مدبرانہ صلاحیتوں، سیاسی بصیرت، فہم و فراست، دن رات کی لگن، انتھک محنت، غیر متزلزل عزم اور اللہ کے فضل و کرم سے 14 اگست 1947ء کو پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی پہچان بن کر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

مسلمانوں کو آزادی جیسی انمول نعمت دینے والے قائد اعظم محمد علی جناح کی صحت ناساز رہنے لگی اور پاکستان کے قیام کے قریبا 1 سال بعد ہی 11ستمبر 1948ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

قائداعظم کی محنت اور مسلمانوں کی قربانیوں کے صلے میں ملنے والا یہ ملک ہمیں سدا اپنے عظیم قائد کا عظیم احسان یاد دلاتا رہے گا۔

آج ملک بھر میں قائداعظم کا یوم وفات نہایت محبت و عقیدت اور ادب و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری