علامہ راجہ ناصر نے مشکلات کے شکار زائرین کے ساتھ تفتان سرحد پر رات بسر کی


علامہ راجہ ناصر نے مشکلات کے شکار زائرین کے ساتھ تفتان سرحد پر رات بسر کی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بانی رہنما اور سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گذشتہ شب تفتان سرحد پر مشکلات میں گھرے زائرین کے ہمراہ رات گذاری اور سرحد پر موجود متعلقہ افسران سے ملاقات کر کے زائرین کے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق, جب پاکستان کے دیگر رہنما اپنے گھروں کے آرام دہ کمروں میں پرسکون نیند کے مزے لوٹ رہے تھے تبھی مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل ناصر عباس نے رات تفتان کی سرحد پر مشکلات میں گھرے ہوئے زائرین کے ہمراہ بسر کی تاکہ ان کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

شیعیت نیوز نے اطلاع دی ہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خود تفتان بارڈر پر جاکر زائرین کے مسائل کا قریب سے مشاہدہ کیا اور وہاں موجود ایف آئی اے اور امیگریشن افسران سے ملاقات کر کے زائرین کی مشکلات کو حل کرنے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ ایران و عراق سے زیارت کر کے پاکستان واپس آنے والے زائرین کو سیکیورٹی کی بنیاد پر تفتان سرحد پر کئی کئی دنوں تک حکومتی و سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے روک کر رکھا جاتا ہے۔

جہاں نہ تو کوئی ان کا پرسان حال ہوتا ہے اور نہ ہی انہیں کسی بھی قسم کی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں۔ حتیٰ کہ بیمار زائرین کے لئے علاج تک کا انتظام نہیں ہوتا۔

زائرین کی انہی مشکلات کو قریب سے دیکھ کر بہتر طور پر سمجھنے کے لئے حکومتی وارننگ کے باوجود اپنی جان کو خطرے میں ڈال کرعلامہ ناصر عباس نے تفتان سرحد پر موجود زائرین کے ساتھ رات گزاری۔

یاد رہے کہ زائرین کی ان مشکلات پر مجلس وحدت مسلمین کی حکومت بلوچستان اور وفاق سے کئی مرتبہ بات چیت ہوئی ہے مگر تاحال وہ زائرین کے مسائل کو حل کرنے میں قاصر رہے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس کا تفتان سرحد پر اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے زائرین کے ساتھ رات بسر کرنا حکومتی اداروں کو جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہے۔

لیکن اگر اب بھی حکومت نے زائرین کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات نہ کئے تو یہ ایک نہایت مایوس کن صورتحال ہوگی۔

دوسری جانب اپنے بیچ علامہ ناصر عباس کو پا کر زائرین نے حیرت و خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے وہاں آنے پر شکریہ ادا کیا۔

نیز زائرین نے علامہ ناصر عباس کو اپنے مسائل سے بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق، اس موقع پر کوئٹہ سے مجلس وحدت مسلمین کے ایم پی اے آغا رضا بھی علامہ ناصر عباس کے ساتھ موجود تھے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری