محرم الحرام میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام/ کراچی میں بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد


محرم الحرام میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام/ کراچی میں بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر نائن زیرو کے قریب ایک بند مکان پر چھاپہ مار کر عاشورہ محرم میں دہشتگردی کی غرض سے پانی کی ٹینکی میں چھپایا ہوا بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

تسنیم نیوز کے مطابق، پولیس نے مکان سے اینٹی ایئرکرافٹ گن، اینٹی ٹینک مائن اور دیگر خطرناک ہتھیار بھی برآمد کئے۔

روزنامہ ڈان نیوز نے ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر کے خوفناک انکشاف کو نقل کیا ہے کہ یہ اسلحہ 9 اور 10 محرم الحرام کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مشتاق مہر نے اس موقع پر پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسلحہ برآمد کرنے والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق، پولیس نے مذکورہ مکان پر چھاپہ مار کر اسلحہ برآمد کیا، جسے وقتی طور پر پاک فوج کے حوالے کیا گیا ہے۔

عدالتی کاروائی کے بعد مذکورہ اسلحہ عدالت کی تحویل میں دے دیا جائے گا۔

سندھ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق، بند مکان سے برآمد کیے جانے والے اسلحے میں 11 اینٹی ایئرکرافٹ گنز، 17 گرینیڈ لانچرز، 39 ایل ایم جیز، 9 آر پی جی سیون، 82 ایس ایم جیز، 11 سیون ایم ایم، ایک ایم 16، 32 چینی رائفلز، 10 جی تھری، 5 اسنائپر رائفلز، 2 رپیٹرز، 9 شارٹ ایس ایم جیز اور ایس ایم جیز اور جی تھری کے 245 میگزین شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پولیس نے 200 دستی بم، 2 ہزار رائفل گرینیڈ، 140 بلٹ پروف جیکٹس اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک گرفتار ملزم کی مخبری پر اتنی بھاری تعداد میں برآمد ہونے والا خطرناک اسلحہ 9 اور 10 محرم الحرام کے دنوں میں دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔

قارئین کی خدمت میں پولیس کی کامیاب کاروائی کے بعد عزیز آباد کے خالی گھر سے برآمد ہونے والے اسلحے کی تصویری رپورٹ روزنامہ ایکسپریس کے تعاون سے پیش کی جا رہی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری