کوئٹہ دہشتگردی میں 5 خواتین کی شہادت پر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ


کوئٹہ دہشتگردی میں 5 خواتین کی شہادت پر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ

گذشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والی پانچ خواتین کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، کوئٹہ میں گزشتہ روز بس میں 5 خواتین کوفائرنگ کرکے شہید کئے جانے کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے باہر شدید احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں خواتین کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے دہشت گردی کے واقعات اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے خواتین کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔

احتجاجی جلوس کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

دوسری جانب، اس افسوسناک واقعہ کے خلاف حرمت نسواں فاﺅنڈیشن نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے خواتین کے قتل کو صوبے کے روایات کے منافی اور دشمن کی جانب سے سازش قرار دیا۔

اس موقع پر حرمت نسواں فاﺅنڈیشن کے عہدیداروں کی طرف سے حکومت کے کیے گئے سیکورٹی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے پودگلی چوک فائرنگ واقعہ میں جاں بحق خواتین کے لواحقین اور ہزارہ عمائدین سے امام بارگاہ نیچاری میں ملاقات کی اور افسوسناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ہم میں نفاق ڈالنا چاہتا ہے لیکن ہم اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے شہید خواتین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری