کراچی؛ شیعہ جماعتوں کا عمائدین کی بلاجواز گرفتاری پر دھرنا جاری/ تصویری رپورٹ


کراچی؛ شیعہ جماعتوں کا عمائدین کی بلاجواز گرفتاری پر دھرنا جاری/ تصویری رپورٹ

کراچی میں فیصل رضا عابدی کی گرفتاری سمیت ریاستی اداروں کے ہاتھوں 20 سے زائد شیعہ عمائدین کی گرفتاری کے خلاف شیعہ جماعتوں کا احتجاجی دھرنا گزشتہ رات سے جاری ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ملیر پندرہ نمبر قومی شاہراہ پر مجلس وحدت مسلمین کے تحت جاری دھرنے میں سینکڑوں افراد شریک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، جعفریہ الائنس، مرکزی تنظیم عزا، آئی ایس او، ہیئت آئمہ مساجد، پیام ولایت فاؤنڈیشن، ایم ڈبلیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کے احتجاج میں اہم شیعہ رہنما شریک ہیں۔

احتجاج میں خواتین کی مجالس عزا پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کی عدم گرفتاری اور شیعہ عمائدین کی بلا جواز گرفتاری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

احتجاج کے شرکاء سراپا سوال تھے کہ شک اور مفروضے کی بنیاد پر فیصل عابدی کی گرفتاری میں پھرتی دکھانے والے ادارے بتائیں کہ خرم ذکی، عسکری رضا کے قتل اور سانحہ شکارپور کی ایف آئی آر میں نامزد دہشت گردوں کو کیوں گرفتار نہیں کیا گیا؟

مظاہرین کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ شیعہ عمائدین کو رہا کر کے تکفیری دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے بصورت دیگر مزید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

ان کا مطالبہ ہے کہ کورکمانڈر کراچی، وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ فیصل عابدی اور دیگر شیعہ عمائدین و جوانوں کی رہائی کو یقینی بنائیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری