نوجوان نسل اتحاد و وحدت کے پیغام کو عام کرنے میں گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں


نوجوان نسل اتحاد و وحدت کے پیغام کو عام کرنے میں گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں

متحدہ طلبا محاذ اور آئی ایس او کے مرکزی صدر نے نوجوان کو قوم و ملت کی امید کا محور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل اتحاد و وحدت کے پیغام کو عام کرنے میں گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں لہذا جامعات میں یوم مصطفی، اہلسنت کی محافل و جلوس اور وحدت اسلامی کے فروغ کے لئے منعقد ہونے والے پروگرامات میں بھرپور شرکت کریں۔

تسنیم خبر رساں ادارہ: سید سرفراز حسین نقوی متحدہ طلبا محاذ اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر ہیں۔ متحدہ طلبا محاذ، طلبا تنظیموں پر مشتمل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جس میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اسلامی جمعیت طلبہ، مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ، انجمن طلبا اسلام، جمعیت طلبا عربیہ، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت دیگر طلبا تنظیمیں شامل ہیں۔ سید سرفراز حسین نقوی آئی ایس او کے دوسرے مرکزی صدر ہیں جنہیں ایم ٹی ایم کا بھی مرکزی صدر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے ہفتہ وحدت کے حوالے سے تسنیم نیوز نے متحدہ طلبا محاذ اور آئی ایس او کے پروگرام سے متعلق ان سے ایک تفصیلی گفتگو کا اہتمام کیا۔ جسکا احوال انٹرویو کی صورت میں پیش خدمت ہے

تسنیم نیوز: آئی ایس او ہفتہ وحدت کے حوالے سے کن امور کو انجا م دے گی؟

سید سرفراز حسین نقوی: امام خمینی کے فرمان کے مطابق آئی ایس او پاکستان 12 سے 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کے عنوان سے مناتی چلی آرہی ہے اور امسال بھی اسی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ امام خمینی کا ہفتہ وحدت منانے کے اس بابصیرت فرمان کی اہمیت ان کے دور میں بھی تھی اور اس وقت بھی ہے۔ پیروان امام خمینی کارکنان وحدت کے فروغ کے لئے اس فرمان پر عمل پیرا ہوتے ہیں اور ملک بھر میں اہلسنت بھائیوں کے میلاد النبی کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی محافل اور جلوسوں میں مکمل تشخص کے ساتھ شرکت، ان کا والہانہ استقبال اور دوران جلوس سبیلوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ نیز ہفتہ وحدت کی اہمیت کے پیش نظر عوامی شعور پیدا کرنے کے لئے ایورنس ڈیسک قائم کئے گئے ہیں تاکہ پمفلٹ و دیگر تشہیراتی مواد سے شیعہ سنی مسلمانوں میں ہفتہ وحدت کے فیوض و برکات سے روشناس کروایا جاتا ہے۔ ملک کے اہم مقامات پر وحدت اسلامی کے عنوان سے پروگرامات کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے جس میں شیعہ سنی علماء کرام شریک ہوتے اسی سلسلہ کا مرکزی پروگرام لاہور میں 18ربیع الاول کو منعقد ہونے جارہا ہے ۔

تسنیم نیوز:مسلمانوں میں باہمی اتحادکے لئے وحدت سے کیا مراد ہے؟

سید سرفراز حسین نقوی:وحدت سے ہرگز مراد نہیں ہے کہ آپ اپنے مسلک کے تمام تر عقائد اور اصولوں کو چھوڑ کر کسی ایک اور مسلک یا عقیدہ پر متحد ہوجائیں بلکہ وحدت سے مراد یہ ہے کہ تمام مسالک میں جو مشترکات ہیں اس پر متحد ہوجائیں۔کیونکہ تمام مسلمان مسالک کا خدا ایک، ایک رسول کی امت، آسمانی کتاب قرآن ایک ہی ہے تو اپنے اختلافات کو بھلا کر مشترکات پر اتحاد کر لیاجائے۔ وحدت کے لئے ایک اور مشترک نقطہ یہ بھی ہے کہ اسلام کا دشمن بھی ایک ہے لہذا تمام مسلمان مسالک کو اپنے دشمن کے خلاف متحد ہونا چاہئے تاکہ یہ عمل اسلام کی سربلندی کا سبب بنے جیسا کہ امام خمینی کا فرمان ہے کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں تو اسلام دشمن عناصر کی کوشش ہے کہ ان دونوں کو آپس میں متحد نہ ہونے دیا جائے۔

تسنیم نیوز:عالم اسلام کے مسائل کا حل وحدت اسلامی ہے تو علماء، خطباء اور نوجوانوں کو کس ایشو کو اہمیت دینی چاہئے؟

سید سرفراز حسین نقوی: بصیرت کے ساتھ دین اسلام کے وسیع تر مفادات کی خاطر ہم ایسی باتوں کو فروغ دیں جو اتحاد کا باعث بنے۔ ہمارے علماء، خطباء او نوجوانوں کو چاہئے کہ انسانیت محبت، بھائی چارہ اور ہمدردی کے پیغام کو فروغ دیں تاکہ معاشرہ میں اتحاد اور ہمدلی کا جذبہ اجاگر ہو۔ ہمارے علماء و خطباء کا یہ فرض ہے کہ وہ حقیقی اسلام کی اہمیت کو اپنے خطاب کا لازمی حصہ بنائیں کیونکہ اسلام ہی وہ دین ہے جس پر معاشرہ عمل پیرا ہوکر انسانیت سعادت کا سفر طے کر سکتی ہے۔ اسلام کے دشمن انسانیت کے دشمن ہیں لوگوں میں حقیقی اسلام کی تعلیمات کو فروغ دیا جائے اور ایسی باتوں سے گریز کیا جائے جو آپس میں نفاق کا باعث بنتے ہیں۔ اپنے  بھائیوں کے لئے محبت کا پیغام اور وحدت کا شعار ہی دشمن کے لئے ایک پیغا م ہے کہ شیعہ سنی ایک ہیں اور اسلام دشمن قوتوں کے خلاف متحد ہیں۔

تسنیم نیوز:تمام طلباء تنظیوں کی نمائندہ جماعت متحدہ طلباء محاذ ربیع الاول کے ان دنوں کی مناسبت سے کیا وظائف انجام دے رری ہے؟

سید سرفراز حسین نقوی:متحدہ طلباء محاذ کے گزشتہ اجلاس میں آئی ایس او پاکستان کی طرف سے ہفتہ وحدت  منانے کی اس روایت کو سراہا گیا ہے اور تمام طلباء تنظیموں نے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر کے اہم مقامات پر اتحاد امت کے عنوان سے سیمینارز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوجوان ہی قوموں کو جہت دیتے ہیں اور جب طلباء باہمی اتحاد کا عملی ثبوت دیں گے تو زعماء، علماء اور کارکنان میں بھی  وحدت کی فضاء قائم ہوگی۔

تسنیم نیوز:مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں مسلمان مشکلات کا شکار ہیں تو عالمی سطح پر مسلمان ممالک میں وحدت کیسے ممکن ہے؟

سید سرفراز حسین نقوی: تمام امت مسلمہ اسلام دشمن عناصر اور حقیقی اسلام کو فروغ دینے والی قوتوں سے آگاہ ہے  اور اس بات کا شعور رکھتے ہیں کہ امریکہ، اسرائیل اور سعودیہ عرب کی منحوس ٹرائی اینگل اسلام کے کھلے دشمن ہیں اور القاعدہ، داعش جیسے گروہ بھی انہیں عالمی استکباری طاقتوںکے پروردہ  ہیں استکبار و استعمار اسلام کے روشن چہرہ کو مسخ کرنے کے لئے کوشاں ہیں تاکہ مشرق سمیت دنیا بھر کے لوگوں کو اسلام کی تعلیمات سے دور کیا جائے  اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام امت مسلمہ اسلام و انسانیت کے دشمن کے خلاف متحد ہوجائیں۔

تسنیم نیوز: ہفتہ وحدت کے حوالے سے پاکستان کے نوجوانوں کو کیا پیغام دینا چاہیں گے؟

سید سرفراز حسین نقوی: نوجوان کسی قوم و ملت کی امید کا محور ہوتے ہیں اگر نوجوان نسل اتحاد و وحدت کے پیغام کو عام کرنے کے لئے خلوص سے وظیفہ انجام دیں گے تو معاشر ے پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہونگے اس لئے جامعات میں یوم مصطفی، اہلسنت کی محافل و جلوس اور وحدت اسلامی کے فروغ کے لئے منعقد ہونے والے پروگرامات میں بھرپور شرکت کریں۔

اہم ترین انٹرویو خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری