"دہ شیخ" میں موجود پر اسرار غار کی سیر + تصاویر


"دہ شیخ" میں موجود پر اسرار غار کی سیر + تصاویر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبے کهگیلویه و بویراحمد میں ایک پر اسرار غار پایا جاتا ہے جو کہ صدیوں سے عام لوگوں کی نظروں سے اوجھل تھا۔

تسنیم نیوز ایجنسی: یوں تو اسلامی جمہوریہ ایران میں بے پناہ تفریح گاہیں پائی جاتی ہیں، اس مرتبہ ہم آپ کو ایک ایسے غار کی سیر کراتے ہیں جس کے اندر ایک عجیب دنیا بستی ہے، بدقسمتی سے یہ غار صدیوں سے عام لوگوں کی نظر سے اوجھل رہا ہے۔

"دہ شیخ" نامی علاقے میں یہ ایسا تاریخی غار ہے جس کو دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے۔ ماہرین نے اس کو غار علی صدر 2 کا لقب دیا ہے (غار علی صدر ایران کا واحد تالابی غار ہے جو خوبصورتی کے اعتبار سے لاثانی ہے، جس کا ذکر ہم پہلے کرچکے ہیں)۔

غار دہ شیخ جانے کے لئے 5 سے 6 میٹر تک آپ کھڑے ہوکر نہیں جا سکتے بلکہ بیٹھ کر احتیاط سے جانا ہوتا ہے، جب آپ اس مختصر فاصلے کو طے کریں گے تو ایک عجیب و غریب دنیا میں داخل ہوجائیں گے جو کئی صدیوں سے عام لوگوں سے نظروں سے اوجھل رہی ہے، غار کے اندر وسیع فضا، بلند و بالا قندیلیں، اور دلفریب ستونیں ہر دیکھنے والے کو حیران کردیتی ہیں۔

اس عجیب و غریب غار کی خوبصورتی دیکھ کر ہر کوئی لطف اندوز ہوتاہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی طور پر غار کے اندر مختلف قسم کے سوراخ اور قندیلیں پائی جاتی ہیں۔

سیاحوں کی سہولت کے لئے غار کے اندر لائٹیں لگائی گئی ہیں جس کی وجہ سے غار کی خوبصورتی واضح نظر آتی ہے، جب آپ غار کے اندر جائیں گے تو ہوا یک دم گرم محسوس ہوگی خاص طور پر سردیوں کے موسم میں تفریح کے لئے جانے والوں کے لطف میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے، نہایت سرد علاقے میں موجود اس غار کی خاص خصوصیات یہی بتائی جارہی ہیں کہ اس کے اندر کا ماحول گرم ہے۔

غار کے اندر داخل ہوتے ہی پرنم اور گرم ہوائیں ہر سیاح کا استقبال کرتی ہیں اور غار کے دیواروں پر پتھروں سے سجے قدرتی نظارے سیاحوں کو ضرور حیران کردیتے ہیں، غار میں پتھروں سے قدرتی طور پر مختلف شکلیں بنی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں اور انہی پتھروں سے پانی بھی ٹپک رہا ہوتا ہے۔

اس عجیب و غریب غار کو جس طرف سے بھی دیکھیں گے کچھ ایسے دالان نظر آئیں گے جن سے آپ نے کو محسوس ہوگا کہ آپ کسی پراسرار دنیا میں قدم رکھے ہیں۔

یہ غار "سی سخت" نامی شہر سے 35 کلومیٹر کے فاصلے پر "دہ شیخ" نامی گاؤں میں پایا جاتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صدیوں پرانا غار ہے جو عام لوگوں کی نظروں سے غائب رہا ہے۔

صوبے کهگیلویه و بویراحمد کے سیاحتی امور کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ غار دہ شیخ اس صوبے کا ایک عجوبہ ہے اس میں 7 بڑے دالان پائے جاتے ہیں اور ہر دالان کی اونچائی 7 میٹر سے زیادہ ہے۔

سیاحتی امور کے ڈائریکٹر جنرل محمود باقری کے مطابق ایرانی شہری اس غار کے بارے میں معلومات نہیں رکھتے ہیں اور یہ امید کی جارہی ہے کہ اگلے سال تک ایران بھر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ غار دیکھنے آئیں گے اور مختصر عرصے کے بعد دنیا بھر سے سیاحوں کا سیر و تفریح کے لئے اس مقام کا سفر کرنے کا امکان ہے کیونکہ اس غار میں جو دلکش مناظر پائے جاتے ہیں وہ ہر کسی کو یہاں آنے پر مجبور کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا: اس غار میں داخل ہونے کے لئے کئی دروازے موجود ہیں لیکن ہم نے امن و امان کی خاطر ایک دروازے کے سوا باقی سب کو بند کردیا ہے۔

سیاحتی امور کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ غار دہ شیخ بالکل قدرتی ہے اس میں کسی قسم کی انسانی دخالت کار فرما نہیں ہے، ماہرین کے مطابق غار پانی کی وجہ سے خود بخود وجود میں آیا ہے۔

باقری کا کہنا ہےکہ ماہرین کو اس غار سے صدیوں پرانی انسانی نشانیاں ملی ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ صدیوں قبل کے انسان اس غار کے بارے میں جانتے تھے، ماہرین کا خیال ہے کہ ملنے والی انسانی ہڈیوں اور دوسری چیزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ غار اسلام سےقبل کا ہی ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ صدیوں سے عام لوگ اس غار کے بارے  میں نہیں جانتے تھےکیونکہ غار میں اس قسم کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔

باقری کا مزید کہنا ہے کہ غور طلب بات یہ ہے کہ غار دہ شیخ روز بروز بڑھتا جارہا ہے اور اس میں نئی قندیلیں بنتی جارہی ہیں۔

انہوں نے سیاحوں کو خوشخبری دیتے ہوئےکہا کہ حکومت غار کے مضافات میں رہائشی سہولیات مہیا کررہی ہے رواں سال کے آخر تک اس علاقے میں سیاحوں کے لئے ہر قسم کی ضروری سہولیات مکمل کی جائیں گی۔

سیاحتی امور کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ حکومت نے سیاحوں کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے 4 ارب تومان کا بجٹ مختص کردیا ہے، مذکورہ رقم سے سڑکیں، ریسٹورنٹ، کافی شاپ اور رہنے کے لئے مختلف قسم کے پیلٹ فارم کے علاوہ خرید وفروش کے مراکز تعمیر کئے جائیں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کبھی کچھ خوبصورتیاں ایسی ہوتی ہیں جس کو قلم بند کرنا نہایت مشکل ہوتا ہے غار دہ شیخ انہی خوبصورتیوں میں سے ایک ہے۔

ترجمہ و ترتیب: غلام مرتضی جعفری

اہم ترین سیاحت خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری