شام میں امریکی حملے پر دہشت گرد جشن منا رہے ہیں / کیمیائی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ


شام میں امریکی حملے پر دہشت گرد جشن منا رہے ہیں / کیمیائی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ شامی اڈے پر امریکی حملے کی وجہ سے دہشت گرد جشن منا رہے ہیں، شام میں ہونے والے کیمیائی حملے کی آزادانہ تحقیقات کروائی جائیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے شام میں میزائل حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس کو دہشت گردوں کے لئے خوشی کا موقع قرار دیا۔

 ان کا یہ بیان شام میں امریکی حملے پر روسی ردِعمل کے بعد سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ شام کے معاملے پر روس اور ایران شامی صدر بشارالاسد کے حامی ہیں۔

جمعے کو شام میں میزائل حملے کے نتیجے میں شامی فوج کے 6 اعلیٰ افسران شہید ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ یہ حملہ بدھ کو ہونے والے حملے کے بعد ہوا ہے جو مبینہ طور پر کیمیائی حملہ تھا۔ اس حملے میں 89 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

شامی فوج اس الزام کو مسترد کر رہی ہے کہ حملے میں کیمیائی مواد استعمال ہوا جبکہ شام کے اتحادی روس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں باغیوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا جہاں وہ کیمیائی ہتھیار رکھتے تھے۔

ادھر برطانوی وزیرِ خارجہ بورس جانسن نے ماسکو کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔

سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی تقریر میں صدر حسن روحانی نے ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے دفتر میں اس وقت جو شخص بیٹھا ہوا ہے اور دعویٰ کرتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف لڑنا چاہتا ہے مگر آج شام میں موجود تمام دہشت گرد امریکی حملے پر جشن منا رہے ہیں۔

انھوں نے سوال اٹھایا کہ آپ نے دہشت گرد گروہوں کی پہلے ہی قدم پرمدد کیوں کی؟

اس کے ساتھ ساتھ ایران کے صدر نے شام میں ہونے والے مبینہ کیمیائی حملے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری