جشن یوم آزادی پاکستان پر اقوام متحدہ میں کنسرٹ کا اہتمام


جشن یوم آزادی پاکستان پر اقوام متحدہ میں کنسرٹ کا اہتمام

پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی ہال میں کنسرٹ کا انعقاد ہوگا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سےکنسرٹ کا انتظام پاکستانی مشن کی جانب سے کیا گیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق کنسرٹ میں پاکستان کا مشہور بینڈ سچل جاز اینسمبل اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا جس کی شہرت جدید اور روایتی موسیقی کے ماہرین کے طور پر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 'میوزک بیانڈ بارڈرز' کےعنوان سے یہ کنسرٹ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہے گا جس کا مقصد عالمی سطح پر عالمی امن اور بھائی چارے کےپیغام کو عام کرنا ہے۔

پاکستانی مشن کی جانب سے ترتیب دیے گئےکنسرٹ میں سفارت کاروں، اقوام متحدہ کے عہدیداروں، سول سائٹی کے نمائندوں، میڈیا اور پاکستانی تارکین وطن کی شرکت متوقع ہے جبکہ اس حوالے سے جوش وخروش پایا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ کنسرٹ پاکستان کے سوفٹ امیج اور ملکی ثقافت کو پیش کرنے کی ایک کوشش ہے۔

ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ 'لوگوں کے دلوں اور دماغوں کو مسخر کرنے کے لیے عوامی سفارت کاری موثر راستہ اور یہ ایونٹ اسی کی جانب ایک کوشش ہے'۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری