گرگان | نایاب جنگلی حیات کی سرزمین + ویڈیو اور تصاویر


گرگان | نایاب جنگلی حیات کی سرزمین + ویڈیو اور تصاویر

اسلامی جمہوریہ ایران کا صوبہ گلستان نہ صرف حسین قدرتی مناظر سے سجی سرزمین ہے بلکہ یہ قدرتی وسائل سے بھی مالا مال ہے یہاں نایاب اور خوبصورت جانور بھی پائے جاتے ہیں جو اس کے حسن کو چار چاند لگاتے ہیں، یہاں پائے جانے والے جنگلی بکرے اور مارخور ہر سیاح کی توجہ کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے حکومتی ادارے کافی  متحرک اور فعال ہیں اور اس سلسلے میں صوبہ گلستان کے مرکزی علاقہ گرگان میں کئی جنگلی پارکوں میں جنگلی حیات کو تحفظ فراہم کی گئی ہے۔

سر زمین ایران قدیم زمانہ ہی سے لوگوں کی مہاجرت اور سکونت کا مرکز ہونے کےعلاوہ بڑے بڑے جنگلوں پرمشتمل اور مختلف ادوار کا مرکز رہی ہے۔

ایران میں اسلامی نظام نے جنگلی حیات کو بچانے کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کے علاوہ قدرتی ماحول کےتحفظ کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے ہیں اور ایران بھرمیں نایاب جنگلی حیات کےغیرقانونی شکار پر سخت پابندی عائد ہے۔ایران کا گرگان نامی علاقہ سرسبز گھنےجنگلات، تفریحی مقامات اور جنگلی حیات کی وجہ سے ایران سمیت دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے جس کی وجہ سے سالانہ ہزاروں ملکی اور غیرملکی سیاح اس حسین اور دلربا علاقے کا رخ کرتے ہیں۔

آج ہم آپ کو گرگان میں واقع جنگلی پارکوں کی سیر کرائیں گے؛

گرگان میں متعدد جنگلی پارک بنے ہوئے ہیں جن میں النگدره، قرق اور ناهارخوران بہت ہی مشہور ہیں۔ ناهارخوران نامی جنگلی علاقہ گرگان شہر کے جنوب میں 8 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، یہ علاقہ صوبہ گلستان کے جذاب اور حسین ترین علاقوں میں سے ایک ہے جہاں سالانہ ہزاروں سیاح قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

ناهارخوران اتنا مشہور ہے کہ گرگان کا نام سنتے ہی ہر سیاح کے ذہن میں اس کے قدرتی نظارے گھومنے لگتے ہیں۔ حکومت نے سیاحوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر طرف پارکنگ اور آرام کرنے کے لئےمخصوص جگہیں تعمیر کیا ہے، بہار اور گرمیوں کے موسم میں ہزاروں سیاح اس علاقے کا رخ کرتے ہیں اور کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگتی ہیں۔

ناهارخوران کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہاں کئی چشمے موجود ہیں۔

النگدرہ نامی جنگلی پارک

یہ جنگلی پارک اسلامی جمہوریہ ایران کے سات مشہور ترین اور خوبصورت ترین پارکوں میں سے ایک ہے، یہاں پہنچنے کے لئے سڑکیں نہایت خوبصورت طریقےسے بنائی گئی ہیں انسان کو ایسا لگتا ہے کہ جنت میں سیر کررہا ہے۔

النگدرہ نامی جنگلی پارک گرگان کے جنوب میں واقع ہے اور ناھاخوارن کے راستے میں ہی آتاہے۔

واضح رہے کہ موسمی اعتبار سے ایران کے دوسرے علاقوں کی نسبت گرگان کا درجہ حرارت 10 سینٹی گریٹ تک کم ہے۔ اپنی بلندی، سردی اور سبزے کے باعث خطے کے لیے ایک پُرکشش پہاڑی تفریحی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ سردیوں میں یہاں کبھی کبھی برف باری بھی ہوجاتی ہے اور گرمیوں میں یہ سرد ہواؤں کا مسکن تو ہوتا ہی ہے۔

پارک جنگلی قرق۔ جنگلی حیات کا مرکز

یہ جنگلی پارک مشرقی گرگان سے 24 کلومیٹر دور گرگان سے مشہد جانے والی قومی شاہراہ پر واقع ہے اس پارک کی مساحت 650 ہیکٹر رقبے پر مشتمل ہے اور مختلف قسم کے درختوں سے بھرا ہوا ہے۔ اس علاقے کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ ایران کا جنگلی حیات کا ایسا علاقہ ہے، جو گرگان شہر سے قریب ہے۔

اس پارک کی ایک اور اہم بات یہ ہے کہ یہاں جنگلی حیات کے دسیوں قسم کے جانور خاص کر ہرن اور مارخور کے علاوہ  سانپ، بھیڑیے، لومڑیاں، گیدڑ، جنگلی بلیاں، بندر سے مشابہہ جانور، کچھوے اور چکور خاصی تعداد میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ "گرگان " ایران کے صوبہ گلستان " کا مرکز ہے اور کا رقبہ تقریبا 1616 مربع کلومیٹر ہے۔ یہ شہر سیاحتی مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخ کے چاہنے والوں کی توجہ کا مرکز بھی ہے کیونکہ یہاں پر بہت سے تاریخی آثار موجود ہیں جن کو دیکھنے کے لئے اندرون اور بیرون ملک سے سیاح اس علاقے کا رخ کرتے رہتے ہیں۔ اس شہر کے لوگ بہت ہی ملنسار اور مہمان نواز ہیں اور مختلف اقوام پر مشتمل ہیں۔

اس شہر میں سیاحت کے لئے بہت سے پرکشش مقامات پائے جاتے ہیں جو پہاڑوں، دروں، ندیوں، آبشاروں، چشموں اور سرسبز جنگلات پر مشتمل ہیں۔

یہاں کے مشہور تفریحی مقامات مندرجہ ذیل ہیں۔ پارک شہر، سد نومل، آب گرم، آبشار دو قلو زیارت، ھزار پیچ، بازار نعلبندان، چھار شنبہ بازار، دھکدہ تورستی، زیارت شاھکوہ، کاخ آقا محمد خان، کاخ موزہ سلطنتی، گرگان میوزیم، تاریخی جامع مسجد، مدرسہ عمادیہ، قدیمی شہر، خانہ تقوی اور کاروانسرای سنگی کے علاوہ کئی امام زادوں کے مزارات شامل ہیں۔

ترتیب و پیشکش: غلام مرتضی جعفری

اہم ترین سیاحت خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری