کراچی : چینی قونصل خانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید اور 3 دہشت گرد ہلاک+ تصاویر


کراچی : چینی قونصل خانے پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید اور 3 دہشت گرد ہلاک+ تصاویر

شہرقائد کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صبح سوا نو بجے کے قریب 3 سے 4 حملہ آوروں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم گارڈز کے روکنے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار شہید اور جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ رینجرز اہلکار چینی قونصل خانے میں داخل ہوگئے، کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے، حملے کے دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی، چینی قونصلیٹ کے قریب دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو مزید پولیس کی نفری بھیجنے کی ہدایت کردی۔

مراد علی شاہ نے اے آئی جی کو ہدایت کی کہ آپ خود نگرانی کریں، مجھے پل پل خبردیں، چینی قونصلیٹ کےعملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور چینی قونصل خانے کی چھت سے فائرنگ کررہے ہیں، سیکیورٹی اہلکاروں اورحملہ آوروں میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

چینی قونصل خانے کی جانب جانے والی سڑک کوٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چینی قونصل خانے پرحملے میں دو اہلکار شہید ہوگئے، شہید دونوں اہلکار مرکزی گیٹ پرتعینات تھے۔

پولیس کے مطابق حملہ آورچینی قونصلیٹ کے ویزا سیکشن میں داخل ہوئے، حملہ آوروں نے ویزا سیکشن میں فائرنگ کی۔

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے چینی قونصلر جنرل سے رابطہ کیا اور خیریت دریافت کی جس پر انہوں نے کہا کہ میں خیریت سے ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اورسیکیورٹی اہلکارآپ کی حفاظت کے لیے مامورہیں۔

ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی قونصلیٹ پرحملے میں 2 پولیس اہلکارشہید ہوئے، 3 دہشت گرد مارے گئے، ایک کے پاس خودکش جیکٹ اوردیگرسامان تھا۔

اے آئی جی نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد 4 تھی اطلاع ہے، علاقے میں سرچنگ کررہے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کے مطابق دہشت گرد قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے، دہشت گرد قونصل خانے کے احاطے تک پہنچے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری