چیف جسٹس کا ڈیم فنڈ میں مزید ایک ہزار پاؤنڈ دینے کا اعلان


چیف جسٹس کا ڈیم فنڈ میں مزید ایک ہزار پاؤنڈ دینے کا اعلان

لندن : چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈیم فنڈ میں ایک ہزار پاؤنڈ مزید دینے کا اعلان کردیا جبکہ سمندرپار پاکستانیوں کی جانب سے ڈیم فنڈ میں تریپن لاکھ پاؤنڈ کا عطیہ دیاگیا ۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے عطیات کا سلسلہ جاری ہے ، ڈیم فنڈریزنگ کے سلسلے میں ایک تقریب لندن کے ایک نجی ہوٹل میں ہوئی۔

جس میں سمندرپار پاکستانیوں کی جانب سےڈیم فنڈمیں تریپن لاکھ پاؤنڈ کا عطیہ دیا گیا جبکہ چیف جسٹس نے بھی ڈیم فنڈ میں ایک ہزار پاؤنڈ مزید دینے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار اس سے پہلے بھی ڈیم فنڈ کیلئے بیس لاکھ روپے دے چکے ہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم فنڈریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزاد ملک ایک بہت بڑی نعمت ہے، قائداعظم محمدعلی جناح پاکستان کے عاشق تھے، آج بھی ایسے لوگوں کی ضرورت ہے، جو پاکستان سے عشق کرتے ہوں، سمندر پار پاکستانی ملک کے سب سے بڑے عاشق ہیں ، ببانگ دہل کہتا ہوں میرا کوئی سیاسی مقصد نہیں ، فلاح انسانیت ہی میرا اولین مقصد ہے۔

جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ زندگی کا وجود پانی کے ساتھ ہے، پانی اورپاکستان کا وجود منسلک ہے، آئندہ نسلوں کو پانیکی وجہ سے زندگیوں سے محروم نہیں ہونے دوں گا، کہتے ہیں دریائے سندھ پر ڈیمز بننے نہیں دیں گے، دریائے سندھ پرایک نہیں بیسیوں ڈیم بنیں گے، ڈیمز کی تعمیر کا حکم سپریم کورٹ نے دیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ڈیمزہرصورت بنیں گے،حکومت سپریم کورٹ کےفیصلےپرعمل کررہی ہے، دریائے سندھ پر ڈیمز کی تعمیر سے کوئی نہیں روک سکتا، کوئی یہ سوچے بھی نہ کہ ڈیمز کی تعمیر میں رکاوٹ ڈال سکتا ہے۔

یاد رہے ستمبر میں  وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے ایک لاکھ پچاس ہزار پاؤنڈ ڈیمز فنڈ میں دینے کا اعلان کردیا، اووسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ اب ملک کے لئے کچھ کرنے کا وقت ہے۔

واضح رہے 6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری