افغان تماشائیوں کیخلاف کارروائی کا اعلان


افغان تماشائیوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کر نے والی پاکستان ٹیم کی انتظامیہ نے آئی سی سی سے ٹورنامنٹ میں سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔پاکستان ٹیم انتظامیہ ورلڈ کپ کے دوران سیکورٹی انتظامات سے ناخوش ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ ٹیم پاکستان کے سیکورٹی آفیسر نے کیا۔سیکورٹی آفیسر نے مقامی منتظمین اور آئی سی سی اہلکاروں سے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ پاک افغان میچ کے دوران سیکورٹی صورت حال کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
لیڈز پاک افغان میچ کے دوران گراؤنڈ اور گراؤنڈ سے باہر کشیدہ صورتحال رہی ۔ میچ کے اختتام پر تماشائی گراؤنڈ کے اندر بھی گھس گئے تھے تماشائیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس اور سیکیورٹی اہلکار مکمل ناکام رہ گئے۔سخت سیکیورٹی کے آئی سی سی کے دعووں کی قلعی کھل گئی۔
لڑائی جھگڑے میں متعدد افراد کو مقامی سیکورٹی اہلکاروں نے پکڑا۔پولیس نے کچھ حراستیں کی ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔
کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران افغان تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم تمام معاملات سے آگاہ ہیں۔
ہم اسٹیڈیم میں سیکیورٹی اہلکاروں اور ویسٹ یارک شائر پولیس سے رابطے میں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔
آئی سی سی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کرتے اور چند لوگوں کی جانب سے کیے گئے ہنگامے کے خلاف ایکشن لیا جائے گا جس سے کثیر تعداد میں موجود مداحوں کی تفریح متاثر ہوئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری