قندھار: طالبان کا الیکشن کمیشن دفتر پر حملہ، 8 اہلکار ہلاک


قندھار: طالبان کا الیکشن کمیشن دفتر پر حملہ، 8 اہلکار ہلاک

افغان طالبان نے قندھار کے ضلع معروف میں موجود الیکشن کمیشن دفتر پر حملہ کر کے 8 ملازمین کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

خبرگزاری تسنیم کے مطابق افغان طالبان نے قندھار کے ضلع معروف میں بارود بھری گاڑی سے الیکشن کمیشن کے دفتر پر دھاوا بول دیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

افغانستان کے خودمختار الیکشن کمیشن (آئی ای سی) کے ترجمان ذبیع اللہ سادات نے بتایا کہ سرکاری دفتر میں ووٹرز کی رجسٹریشن کی غرض سے موجود 8 افراد اس حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ وہ ایک غیرملکی خبر رساں ادارے سے بات کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق، افغانستان میں صدارتی انتخابات 28 ستمبر 2019 کو ہو رہے ہیں۔

اسی زمرے میں قندھار پولیس کے ترجمان قاسم افغان نے کہا ہے کہ اس حملے میں چند سیکورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں، اگرچہ ابھی تک ان کی تعداد کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔

خیال رہے کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایک جانب افغانستان کے صدارتی انتخابات دومرتبہ التواء کا شکار ہو چکے ہیں اور دوسری طرف امریکہ طالبان کے ساتھ امن معاہدے کیلئے مذاکرات کی کوشش کررہا ہے۔ اسی سلسلے میں ہفتے کے روز واشنگٹن اور طالبان کے درمیان دوحہ میں امریکہ کی طویل جنگ کے خاتمے کے پیش نظر مذاکرات کا تازہ دور شروع ہوا ہے۔ جس کا جواب ہفتے ہی کے روز افغان طالبان شمالی افغانستان میں ایک حملہ کرکے دے چکے ہیں جس میں کم و بیش 25 کے قریب حکومت نواز ملیشیا اہلکارجاں بحق ہو گئے تھے۔

 

 

 

اہم ترین مشرق وسطی خبریں
اہم ترین خبریں