27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، صدرعلوی


27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، صدرعلوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، اس دن بھارتی فوج جموں وکشمیر میں داخل ہوئی تھی اور وادی پر جبری قبضہ کیا تھا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 72 سال قبل آج ہی کے دن بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کی امنگوں کے برعکس جبر، ظلم وتشدد اور دہشت گردی کے ذریعے کشمیر پر قبضہ کیا تھا۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ آج تک بھارت کشمیر میں وحشیانی کارروائیوں اور دھونس، دھاندلی کی راہ پر گامزن ہے انہوں نے کہا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ 5 اگست 2019 سے بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں 80 لاکھ سے زائد افراد کو غیرقانونی طور پر محصور کیا ہوا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی پالیسیوں اور تدابیر میں کتنا ہی ظلم وبربریت کیوں نہ شامل ہو، وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جدوجہد آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اخلاقی وسیاسی اور سفارتی حمایت کا پختہ عزم کر رکھا ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی و کشمیری شہری 27 اکتوبر 1947 کو کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منائیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری