ایران نے امریکی منصوبے کو ڈراؤنا خواب قرار دے دیا


ایران نے امریکی منصوبے کو ڈراؤنا خواب قرار دے دیا

اسرائیل اور فلسطین سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے منصوبے کو ایران نے ایک ڈراؤنا خواب قرار دے دیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق؛ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے فلسطین اور اسرائیل سے متعلق امریکی منصوبے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے اور دنیا کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ منصوبے سے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعہ بڑھے گا، امریکی منصوبہ نام نہاد اور خیال پر مبنی ہے، جس کے منفی اثرات ہی مرتب ہوں گے، یہی وقت ہے دنیا کے مسلمان جاگ جائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے لیے امن منصوبے کا اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ یروشلم اسرائیل کا غیرمنقسم دارالحکومت جبکہ مشرقی علاقہ فلسطین کا دارالحکومت رہے گا۔ ردعمل میں اس منصوبے کو فلسطینی اتھارٹی نے مسترد کرتے ہوئے ناقابل برداشت قرار دیا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بیت المقدس اسرائیل کا غیرمنقسم دارالحکومت رہے گا جبکہ فلسطینیوں کو مقبوضہ مشرقی یروشلم میں دارالحکومت بھی فراہم کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں نے مخالفت کی جبکہ فلسطینی اتھارٹی نے بھی مذکورہ منصوبہ مسترد کرتے ہوئے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری