شرپسندوں نے ایران سے آنے والے 6 زائرین کو اغوا کرلیا


شرپسندوں نے ایران سے آنے والے 6 زائرین کو اغوا کرلیا

مکران ڈویژن میں نامعلوم مسلح افراد نے ایران سے واپس گھر آنے والے 6 زائرین کو اغوا کرلیا۔

تسنیم نیوز نے مقامی ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ مکران ڈویژن کے علاقے پنجگور سے نامعلوم مسلح افراد نے ایران سے واپس گھر آنے والے 6 زائرین کو اغوا کیا۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان الیانی نے صوبائی پولیس چیف اور کمشنر مکران کو حکم دیا کہ وہ واقعے کی رپورٹ فوری طور پر پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ ’کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘، ساتھ ہی انہوں نے زائرین کی بازیابی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا تھا کہ مشہد میں زیارت کے بعد 6 مرد اور 2 خواتین ایران سے واپس آرہے تھے، جب وہ پنجگور کے سرحدی علاقے میں داخل ہونے کے بعد صرف 3 کلومیٹر دور عیسیٰ کی طرف بڑھے تو مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روک لیا اور 6 افراد کو زبردستی اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔

یہ زائرین مشہد مقدس میں 50 دن گزارنے کے بعد کراچی کی طرف آرہے تھے۔

تاہم ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں ایران سے واپس آنے والے زائرین کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ماضی میں ایران سے آنے والے زائرین کی بسوں پر فائرنگ اور خود کش حملوں کے واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری