تحریک انصاف نے بھی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا/ عمران خان: اتوار کو یوم تشکر منائیں


تحریک انصاف نے بھی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا/ عمران خان: اتوار کو یوم تشکر منائیں

پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے جس میں نواز شریف کی نااہلی کے بعد ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کے مطابق بنی گالہ میں میں تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں عمران خان نوازشریف کی نااہلی کے بعد کی صورتحال پر ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے جب کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے حوالے سے بھی حکمت عملی پرغور ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل پر ارکان پارلیمنٹ سے مشاورت کریں گے اور تحریک انصاف کے اتوار کے جلسے کے انتظامات سمیت اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی۔

دوسری جانب عمران خان نے نواز شریف کی نااہلی پر اتوار کو یوم تشکر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 21 برسوں میں جو بھی ان کےساتھ جدو جہد میں شامل رہا وہ پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔

بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ کوشش انسان کرتا ہے کامیابی اللہ دیتا ہے، میں اللہ کا بڑا شکر گزار ہوں، ایک بڑی جدوجہد جو 2013 کے الیکشن سے شروع ہوئی، خصوصی طور پر 126 دن دھرنے، سڑکوں اور سپریم کورٹ سے ہوتے ہوئے ہم یہاں پہنچے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ میں پاکستان کے لیے اللہ کا شکرگزار ہوں نہ کہ اپنے لیے، یہ ملک عدل اور انصاف کے لیے بنا تھا، مجھے آج خوشی ہے جو میں امید رکھتا تھا کہ ایک دن ہمارا ملک بھی علامہ اقبال کے خواب کی طرف جائے گا، مجھے خوشی ہے کہ آج اس خواب کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری