پاکستان: کراچی تاریخی اور تجارتی شہر+ تصاویر اور ویڈیو


پاکستان: کراچی تاریخی اور تجارتی شہر+ تصاویر اور ویڈیو

پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی کئی تاریخی مقامات سے مالا مال شہر ہے_

مزار محمد علی جناح

سفید سنگ مرمر سے بنا مزار قائد کراچی کے وسط میں واقع ہے، جہاں رات میں جب روشنیاں جلتی ہیں تو نہایت حسین منظر پیش کرتی ہیں، مزار سے متصل باغ بھی بلاشبہ ایک خوبصورت مقام ہے جہاں شام میں کے وقت چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں یہاں گزارے گئے وقت کو یادگار بنا دیتی ہیں۔

موہٹہ پیلیس

کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع یہ خوبصورت محل ایک ہندو تاجر چندر رتن موہٹہ نے تعمیر کرایا تھا، خوبصورت محرابوں اور سر سبز باغ پر مشتمل ہے جہاں اکثروبیشتر ثقافتی تقریبات منعقد ہوتی رہتی ہیں_

وزیر مینشن

کراچی کے علاقے کھارادر میں واقع وزیر مینشن قائد اعظم کی جائے پیدائش ہے،انیس سو پرپن میں حکومت پاکستان نے اس عمارت کوخرید کر قومی ورثے کا درجہ دے دیا،دو منزلہ اس مکان میں قائداعظم کے زیر استعمال فرنیچر، لباس، اسٹیشنری اور ذاتی ڈائری نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔

قائد اعظم میوزیم

کراچی میں واقع فلیگ اسٹاف ہاؤس جسے قائد اعظم میوزیم بھی کہا جاتا ہے، قائد اعظم نے انیش سو چھیالیس میں خریدا تھا، ان کا ارادہ پاکستان کے وجود میں آنے یا ریٹائرمنٹ کے بعد اس میں قیام کا تھا،تاہم قیام پاکستان کے بعد قائد اعظم محمد علی جناح گورنر ہاؤس میں رہائش پذیر ہوگئے اور انتقال تک وہیں قیام پزیر رہے۔


قومی عجائب گھر

قومی عجائب گھر کراچی کے علاقے برنس روڈ پر واقعہ ہے جو انیس سو پچاس میں قائم کیا گیا تھا،اس عجائب گھر میں 6 گیلریز موجود ہیں جن میں وادی مہران اور گندھارا تہذیب کے نوادرات، منی ایچر فن پارے، اسلامی فن و خطاطی کے نمونے، قدیم ادوار کے سکے رکھے گئے ہیں، اس کے علاوہ یہاں پہلی صدی ہجری سے لے کر آج تک کے کئی نادرو نایاب قرآنی نسخے اپنی اصل حالت میں بحال کرکے رکھے گئے ہیں،میوزیم میں قائد اعظم اور لیاقت علی خان کے زیر استعمال گھڑیاں، قلم اور چھڑیاں بھی موجود ہیں۔


 

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری