عراقی فوج موصل کارروائی سے دست بردار نہیں ہوگی


عراقی فوج موصل کارروائی سے دست بردار نہیں ہوگی

وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا ہے کہ موصل سے عراقی فوج کسی بھی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹے گی، موصل کو دہشت گردوں سے آزاد کراکے ہی دم لیں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراقی وزیراعظم نے موصل کے آزاد شدہ علاقوں کا دورہ کیا اور موصل کے شہریوں کو بہت جلد داعش کے چنگل سے آزاد ہونے کی خوشخبری دیتے ہوئے کہا: عراقی فوج کسی بھی قیمت پر موصل کارروائی سے دست بردار نہیں ہوگی۔

العبادی نے مزید کہا: موصل کے عوام عراقی فوج کے ساتھ زبردست تعاون کررہے ہیں۔

العبادی نے غیر ملکی غلط تبلیغات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ عراقی قوم کے درمیان اختلافات کو ہوا دینا چاہ رہے ہیں اور عراقی فوج پر فرقہ واریت کے بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ عراقیوں کو اغیار کے بے بنیاد باتوں پر اعتبار نہیں کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا: اب وقت آچکا ہے کہ عراقی قوم مذہبی اور علاقائی اختلافات کو بھلا کر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کرکے امن کا گہوارہ بنائیں۔

العبادی نے ملک کے تمام صوبوں سے ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا: داعش اپنی ناکامی اور شکست کو چھپانے کے لئے کہیں بھی شرارت کرسکتی ہے۔

یاد رہے کہ عراقی فوج نے موصل شہر کے اندر کئی کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کو سخت نقصان پہنچایا ہے اور ان محلوں میں موجود سرکاری عمارتوں پر عراقی قومی پرچم لہرایا گیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری