لاہور: اربعین حسینی کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد


لاہور: اربعین حسینی کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد

صوبہ پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کا مرکزی جلوس اندرون موچی دروازہ حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، علامہ داؤد جواد مشہدی نے شہدائے کربلا کے فضائل و مصائب بیان کئے اور مجلس کے بعد شبیہہ تعزیہ برآمد ہوئی۔ جلوس میں شریک عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کر رہے ہیں۔

چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے مسجد وزیر خان پہنچے گا، مسجد وزیر خان سے خرادی محلہ، چوک نواب صاحب پہنچے گا، چوک نواب صاحب سے محلہ شعیاں، نثار حویلی آئے گا، نثار حویلی سے چوہٹہ مفتی باقر، چوک کوتوالی سے ہوتا ہوا مرکزی جلوس کشمیری بازار پہنچے گا۔

سنہری مسجد کے قریب عزادار نماز ظہرین ادا کریں گے۔ جلوس سنہری مسجد سے پانی والا تالاب، ٹیکسالی، کوچہ فقیر خانہ پہنچے گا، جہاں بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا نماز مغرب کے قریب کربلا گامے شاہ  پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے روٹ پر جگہ جگہ عزاداروں کیلئے لنگر اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ چہلم حضرت امام حسینؑ کے مرکزی جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

 10 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ 7 ایس پیز، 23 ڈی ایس پیز، 73 انسپکٹرز سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔

 چہلم کے مرکزی جلوس کی سیف سٹی کے کیمروں سے مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے جبکہ جلوس سے ملحقہ علاقوں میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد ہے۔

جلوس کے روٹ پر موبائل سروس بھی بند کی گئی ہے۔ شرکا کو 3 درجاتی سکیورٹی حصار سے گزرنے کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

 ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ جلوس میں آنیوالے عزدار مقرر کردہ پارکنگ پوائنٹس پر ہی گاڑیاں پارک کریں۔

 ڈی آئی جی نے عزداروں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک افراد پر نظر رکھیں اور کوئی ایسی صورتحال دیکھیں تو فوری پولیس کو اطلاع کریں۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری