اسکردو؛ سید مہدی شاہ نے 25 ہزار جوانوں کو روزگار دلوایا/ حفیظ الرحمن نے چھین لیا، بلاول


اسکردو؛ سید مہدی شاہ نے 25 ہزار جوانوں کو روزگار دلوایا/ حفیظ الرحمن نے چھین لیا، بلاول

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہدی شاہ نے گلگت بلتستان کے 25 ہزار جوانوں کو روزگار دلوایا لیکن پیپلزپارٹی حکومت کے بعد ان نوجوانوں کا روزگار چھین لیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش بھی کی گئی توعوام کے ساتھ اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقتدار کا نہیں آپکےمستقبل کا الیکشن ہے،گلگت بلتستان کو اس تباہی سے بچانا ہے جو پورے پاکستان میں تبدیلی کے نام سے شروع ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری ان دنوں گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو میں موجود ہیں جہاں وہ انتخابی مہم زور و شور سے چلارہے ہیں۔

اسکردو میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کو آزاد کروایا، بےنظیر بھٹو نے گلگت بلتستان کے حقوق کی بات کی، آصف زرداری نے گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اب پیپلزپارٹی کی نئی نسل کی جدوجہد شروع ہوچکی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو بہادر اور عوامی نمائندہ چاہیے، انہیں ایسا نمائندہ منتخب کرنا ہے جو اسکردو کے مسائل حل کرسکے۔

پورے پاکستان میں تبدیلی کے نام پر تباہی شروع ہوگئی ہے، گلگت بلتستان کو اس تباہی سے بچائیں گے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری